عمران خان ایوان میں مقبولیت کھو چکے، ساجد اے منظور

March 07, 2021

راچڈیل (ہارون مرزا)پاکستان پیپلز پارٹی یوکے اور یورپ کے سینئر رہنما ساجد اے منظور نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں پی ڈی ایم کے امیدوار کی کامیابی کے بعد وزیراعظم عمران خان کو اس بات کا ادارک ہوجانا چاہیے کہ ایوان میں وہ مقبولیت کھو چکے ہیں سید یوسف رضا گیلانی کی جنرل سیٹ پر کامیابی آصف علی زرداری کی فتح ہے ۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا چیئرمین سینیٹ بھی انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی سے ہوگا اور ملک کو دوبارہ جمہوریت کے راستے پر گامزن کریں گے موجودہ حکمرانوں نے عوام کو صرف مایوسی، جھوٹے وعدوں کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ساجد اے منظور نے سید یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ آنیوالا وقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے حکومت کی یہ شکست لانگ مارچ سے پہلے لانگ مارچ ہے ۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ مذاق بن چکا ہے تبدیلی کا خواب دیکھا کر غریب اور متوسط طبقے کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والے حکمران عذاب کی طرح مسلط ہیں لوگ اب ان کے جانے کیلئے جھولیاں پھیلانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ بجلی ، گیس ، پیٹرول اور خام مال کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نااہل حکمرانوں نے معیشت کا پہیہ جام اور مہنگائی کو آسمان پر پہنچا دیا ہے، گوشت تو درکنار لوگ سبزیوں سے بھی محروم ہو چکے ہیں سلکٹیڈ قیادت ہر محاذ پر عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے اب حکمرانوں کو کھلے دل سے نااہلی تسلیم کر کے مستعفی ہو جانا چاہیے۔