ملک بھر میں90لاکھ افراد میں تھیلی سیمیا کے اثرات پائے جاتے ہیں

March 07, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی) حمزہ فائونڈیشن کے چیئرمین حاجی اعجاز علی خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تھیلی سیمیا کے شکار بچوں کی تعداد میں اضافہ نے تشویشناک شکل اختیار کر لی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ملک بھر میں90لاکھ افراد میں تھیلی سیمیا کے اثرات پائے جاتے ہیں۔ آئندہ نسلوں کو تھیلی سیمیا سے محفوظ رکھنے کے لئے تعلیمی اداروں میں داخلہ سے قبل اور شادی سے قبل تھیلی سیمیا ٹسٹ کروانے کو لازمی قرار دے کر اس پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے ۔ حاجی اعجاز علی خان نے تھیلی سیمیا کی روک تھام کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ فائونڈیشن کی طرف سے خیبر پختونخوا کو تھیلی سیمیا فری صوبہ بنانے کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تھیلی سیمیا کے شکار بچوں کی جان بچانا بہت بڑا کار خیر و صدقہ جاریہ ہے۔ مخیر حضرات کو اس کار خیر میں شریک ہونے کے لئے حمزہ فائونڈیشن کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کرنی چاہئے۔ حمزہ فائونڈیشن ویلفیئر ہسپتال پشاور میں تین ہزار غریب بچوں کی جان بچانے کے لئے ان کا مفت علاج کیا جا رہا ہے جبکہ سرکاری و غیرسرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج 38ہزار مریضوں کی جان بچانے کے لئے انہیں مفت خون فراہم کیا جا چکا ہے۔ حمزہ فائونڈیشن کی طرف سے بلڈ کینسر کے65مریضوں کی جان بچانے کے لئے انہیں مفت خون فراہم کیا جارہا ہے۔