6 مارچ کو ایوان میں181 ارکان موجود تھے، قومی اسمبلی اجلاس کی حاضری رپورٹ

March 09, 2021

6 مارچ کو ایوان میں181 ارکان موجود تھے، قومی اسمبلی اجلاس کی حاضری رپورٹ

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے کے قومی اسمبلی اجلاس کی حاضری رپورٹ سامنے آگئی ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 6 مارچ کے اجلاس میں ارکان پارلیمان کی شرکت کے حوالے سے رپورٹ اعداد و شمار کی صورت میں جاری کی ہے۔رپورٹ کے مطابق 6 مارچ کو قومی اسمبلی میں 181 ارکان موجود تھے، جن میں اپوزیشن کے محسن داوڑ اور مولانا اکبر چترالی بھی شامل ہیں۔اسپیکر کے مطابق بلاول بھٹو جیسے چاہیں تسلی کرلیں،غیر حاضرایک ایم این اے کا بتائیں ،ایسا کام نہیں کرتا جس سے تاریخ خراب ہو،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی رپورٹ کے مطابق ایوان میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت حکومت کے 179 ارکان موجود تھے۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے 6 مارچ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے 178 ارکان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا تھا۔ اپوزیشن نے اعتماد کے ووٹ کے لیے طلب کیے گئے اجلاس کی حاضری کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ اس روز اتنے ارکان اسمبلی موجود تھے نہیں تھے جتنے کا حکومت کی طرف سے دعویٰ کیا گیا۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کے ووٹ پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو چیلنج کردیا۔