یوسف رضا گیلانی کے مسترد شدہ ووٹوں کی تصویر سامنے آگئی

March 12, 2021

سینیٹ انتخاب میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے مسترد شدہ ووٹوں کی تصویر سامنے آگئی۔

یوسف رضا گیلانی کے مسترد شدہ ووٹوں کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مہر یوسف رضا گیلانی کے نام کے اوپر لگی ہوئی ہے ۔

فوٹو: سوشل میڈیا

واضح رہے کہ سینیٹ چیئرمین کے انتخاب میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی نے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست دے دی۔

نتائج کے مطابق صادق سنجرانی نے 48 ووٹ حاصل کیے جبکہ یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ لیے البتہ انہیں ڈالے گئے 7 ووٹ اس لیے مسترد ہوئے کیوں کہ ووٹر نے مہر ان کے نام پر لگادی ہے۔

یوسف رضا گیلانی کی شکست کے معاملے پر پی پی کا عدالت جانے کا فیصلہ

پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں یوسف رضا گیلانی کی شکست کے معاملے پر عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نےعدالتی فیصلے نکال لیے ہیں، ہم سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ جائیں گے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ قانون کہتا ہے نام کے اوپر لگائی گئی مہر ٹھیک ہے، ہم یہ ڈاکا نہیں ہونے دیں گے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم تحریک عدم اعتماد بھی لا سکتے ہیں، ہمیں یقین ہے کسی نے دھوکا نہیں دیا، ہم ایک ووٹ سے جیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپر پرصرف دوخانے تھے جن میں دونوں امیدواروں کے نام لکھے تھے، مسترد7ووٹوں میں یوسف رضاگیلانی کےنام کےخانے میں ہی مہر لگائی گئی، خانے کے اندر لگائی گئی واضح مہر کے نشان کو پریزائیڈنگ افسر نے مسترد کیا۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ گیلانی کےخانےمیں نام پر مہرلگانےکی وجہ سے ووٹ مستردکیا گیا، سات ووٹ شامل کیےجاتےتو یوسف رضاگیلانی 49 ووٹ لے کر کامیاب قرار پاتے۔