اسٹریٹ کرائمز سے شہریوں کو مالی اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے‘ حافظ نعیم

March 15, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی میں تیزی سے بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور پولیس اسٹریٹ کرائم کو روکنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ، شہریوں کو شدید مالی اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔پولیس کی عدم توجہی کے باعث جرائم پیشہ عناصر اور گروہ بڑے پیمانے پر بلاخوف و خطرچھینا جھپٹی اور لوٹ مار کی وارداتیں کر رہے ہیں، جس کے باعث عام شہری مسلسل اپنے آپ کو غیر محفوظ اور بے بس تصور کر رہے ہیں۔ حافظ نعیم نے مزید کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کے شہریوں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کریں اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث عناصر کے خلاف فوری عملی اقدامات کریں۔