بیک وقت 4 عہدوں پر متعین تحسین فاطمہ کا اختیارات سے تجاوز شروع

March 15, 2021

کراچی(سید محمد عسکری) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے سابق پرنسپل سیکرٹری کی ہمشیرہ اور بیک وقت چار عہدوں پر تعینات 19گریڈ کی افسر تحسین فاطمہ نے 20 گریڈ کے ڈائریکٹر سیکنڈری کراچی کے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی اختیارات سے تجاوز شروع کردیا ہے گزشتہ روز تحسین فاطمہ نے 18 گریڈ کے ڈپٹی ایجوکیشن افسر ایڈمن شرقی واحد بخش ناگ راج کو 19 گریڈ کی اسامی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر شرقی کا چارج دے دیا ہے۔ 18 گریڈ کے واحد بخش ناگ راج نے 19 گریڈ کے عہدے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کا چارج سنبھالتے ہی 17 گریڈ کی خاتون تعلقہ ایجوکیشن افسر گلشن اقبال ٹائون نور افشاں کو 19 گریڈ کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر شرقی کے عہدے کا چارج دے دیا ہے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ تحسین فاطمہ کی جانب سے جو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اس میں انہوں قائم مقام کی بجائے خود کو مستقل ڈائریکٹر لکھا ہے جبکہ ناگ راج نے بھی یہی کیا تاہم انہوں نے دہری چھلانگ لگائی اور 17 گریڈ کی خاتون افسر کو 19 گریڈ پر تعینات کردیا۔ جب 19 گریڈ کی منظور نظر خاتون افسر تحسین فاطمہ کو 20 گریڈ کےچوتھے عہدے کا اضافی چارج دیا گیا تھا تو وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا ان کی تقرری روز مرہ کے امور چلانے کے لئے کی گئی ہے جلد ہی مستقل ڈائریکٹر کو تعینات کردیا جائے گا تاہم جب قائم مقائم ڈائریکٹر تحسین فاطمہ نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے واحد بخش ناگ راج کو تعینات کیا اور ناگ راج نے 17 گریڈ کی نور افشاں کو 19 گریڈ پر تعینات کیا تو وزیر تعلیم نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار رکھی اور کوئی جواب نہیں دیا البتہ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو نے ان تقرریوں کو غلط قرار دیا اور کہا کہ یہ تقرریاں پیر 15 مارچ کو منسوخ کردی جائیں گی۔