امریکا، پاکستانی بزنس ٹائیکون کو ہلال امتیاز دینے کا اعلان

March 20, 2021

پاک امریکا تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے نامور پاکستانی نژاد امریکی آئل بزنس ٹائیکون جاوید انور کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے ہلال امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

جاوید انور کو یہ اعلی ترین اعزاز پاک امریکا تعلقات، فلاحی کاموں اور تعلیم سمیت پاکستان سے لیکر امریکا تک مختلف شعبوں میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا جارہا ہے جوکہ صدر پاکستان کی طرف سے 23مارچ کو ایوان صدر میں ہونے والی پروقار تقریب میں دیا جائے گا۔

حکومتِ پاکستان کی جانب سے یہ اعلی ترین اعزاز خصوصی طور پر گراں قدر خدمات انجام دینے والے پاکستانی سویلین اور فوجیوں کو دیا جاتا ہے۔

‎جاوید انور پیشے کے اعتبار سے پیٹرولیم انجینئر ہیں اور امریکا میں تعلیم سمیت فلاحی اور سماجی کاموں میں اپنی مثالی خدمات کی وجہ سے امریکی سیاسی ،حکومتی اور سماجی حلقوں میں انتہائی معتبر مقام رکھتے ہیں۔

‎انہوں نے ناصرف پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے عالمی سفارت کاری کے شعبے میں بلکہ پاکستان میں بھی فلاحی اور سماجی کاموں میں بھی قابل ستائش کردار ادا کیا ہے۔

‎جاوید انور امریکی سابق صدور جارج ڈبلیو بش اور ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد امریکی سیاسی اکابرین کے قریبی دوستوں میں شمار کئے جاتے ہیں ۔

جاوید انور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی بھی ہیں جس کے بینر تلے کراچی سمیت پاکستان میں خدمات کی بنیاد پر انہوں نے امریکا سے لے کر پاکستان تک ممتاز مقام بنایا جبکہ وہ ہر سال تعلیم کے شعبہ میں کئی ملین ڈالر مقامی یونیورسٹیوں کو امداد بھی فراہم کرتے ہیں۔

امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے حکومت پاکستان کی جانب سے انکو ایوارڈ دینے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔