حسینہ معین کے انتقال کی خبر ناقابلِ یقین ہے: عتیقہ اوڈھو

March 26, 2021

سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے ڈرامہ نگار حسینہ معین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال کی خبر ناقابلِ یقین ہے۔

عتیقہ اوڈھو نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ‘حسینہ آپا آج دنیا چھوڑ گئیں، ان کی موت کی خبر ناقابلِ یقین ہے کیونکہ وہ اپنے آخری وقت تک عملی طور پر سرگرم رہیں۔

انہوں نے کہا کہ حسینہ معین آخری وقت تک جوش و جذبے سے سرشار تھیں، ان کی موت بلاشبہ ہمارے لئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

عتیقہ اوڈھو نے یہ بھی کہا کہ حسینہ معین کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔

واضح رہے کہ معروف ڈرامہ نویس، مصنفہ اور مکالمہ نگار حسینہ معین 79 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئیں۔

ڈرامہ نگار حسینہ معین کے بھتیجے سعید کا کہنا ہے کہ حسینہ معین لاہور جانے کے لیے تیار ہو رہی تھیں کہ اچانک دل کا دورہ پڑا۔

حسینہ معین 20 نومبر1941ء کو بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہوئیں، انہوں نے ابتدائی تعلیم کانپور سے حاصل کی۔