اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ’کورلش عثمان‘ کے سیٹ پر پہنچ گئے

March 29, 2021

دنیا بھر میں مشہور اسلامی تاریخ پر مبنی ترک سیریز ’کورلش عثمان‘ میں ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی کردار ’ارطغرل‘ کے بیٹے ’عثمان اول‘ کا کردار نبھانے والے ترک اداکار کے ہمراہ تصویریں سوشل میڈیا پر زیرگردش ہیں۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ترکی میں اسلامی تاریخ کی سلطنت عثمانیہ پر مبنی ترکی ڈرامہ ارطغرل غازی اور کورلش عثمان کے سیٹ کا دورہ کیا ہے۔

پوسٹ میں بتایا گیا کہ اسپیکر کو ’کورلش عثمان‘ کے سیٹ پر قائی قبیلے کے تاریخی پس منظر سے تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔


اسپیکر نے سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کا کردار ادا کرنے والے اداکار بورک سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ اسلامی تاریخ کو اُجاگر کرنا ایک قابلِ تحسین قدم ہے۔ وہی قومیں زندہ رہتی ہیں جو اپنی تاریخ سے بخوبی واقف ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ ہمیں سبق دیتی ہے کہ مشکل حالات میں یکجا ہوکر دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکتا ہے اور ہر طرح کی مصیبتوں کا سامنا کیا جاسکتا ہے۔

اسد قیصر نے اسلامی تاریخ پر مبنی اس ڈرامے میں کردار نبھانے والے اداکاروں کے کام کو سراہا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی فیملی کے ہمراہ ’کورلش عثمان‘ کا دورہ کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو ترکی کے وقت کے مطابق رات 8 بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے سے کورلس عثمان کے سیزن 2 کا آغاز ہوا تھا، ترکی کے اے ٹی وی پر کورلش عثمان کو نشر کیا جاتا ہے۔

کورلش عثمان کی شوٹنگ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہی اور ڈرامے کے پروڈیوسر محمد بوزداغ کا کہنا تھا کہ کورلش عثمان مزید 5 سے 6 سال تک جاری رہے گا اور یقیناً اپنے عہد کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک ہوگا۔