کراچی: پارہ 44 ڈگری کو چھو گیا

April 03, 2021

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت درجۂ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو چکا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے کراچی میں ہیٹ ویو کی ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے مطابق شہرِ قائد میں آج بھی شدت کی گرمی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق 14 اپریل 1947ء کو درجۂ حرارت 44 اعشاریہ 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کل سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے، اتوار کو پارہ 36 سے 38 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ پیر کو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں شمال مشرقی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 5 فیصد ہے۔

محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہری آج شام 4 بجے تک دھوپ سے بچنے کی حتی الامکان کوشش کریں، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ انتہائی ضرورت کے تحت گھروں سے نکلتے وقت پانی اور گیلا کپڑا ساتھ رکھیں، وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں، سر اور چہرے کو ڈھک کر رکھیں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں۔