این اے 75 ڈسکہ: حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

April 03, 2021

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ کے حساس پولنگ اسٹیشن میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

این اے 75 ڈسکہ پر ری پولنگ کے انتظامات اور سیکیورٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے فیصلوں سے متعلق صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار نےمیڈیا کو بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب 10 اپریل کو ہی ہوگا، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے حکمت عملی طے کرلی ہے۔


الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق متنازع پولنگ اسٹیشنز کا عملہ تبدیل کردیا گیا ہے، حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

غلام اسرار نے مزید کہا کہ ڈسکہ میں الیکشن پرامن طریقے سے کرایا جائے گا، ری پولنگ کے دوران سیکورٹی مزید بڑھائی جائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پرامن طریقے سے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخاب کو یقینی بنایا جائے گا۔