پیپلز پارٹی کی سوچ جمہوری، استعفیٰ حکومت کو ہٹانے کا حل نہیں، مرتضیٰ وہاب

April 06, 2021

کراچی ( اسٹاف رپور ٹر) ترجمان حکومت سندھ اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بننے کی وجہ جمہوریت کی بحالی ہے اب کون کس کے ساتھ اتحاد کرتا ہے یہ اس کی مرضی ہے، بلاول بھٹو کا ویژن کامیاب تھا اب استعفیٰ حکومت کو ہٹانے کا حل نہیں ہے کیونکہ وقت نے ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی کی سوچ پارلیمانی اور جمہوری ہے، انہوں نے کہا کہ کچھ ذمہ داری وزیراعظم کی بھی بنتی ہے کیونکہ ملکی عوام کو مہنگائی نے تباہ کردیا ہے جس کیلئے وزیراعظم کو اپنی پالیسیز کو دیکھنا ہوگا کیونکہ ٹیم کے ساتھ ساتھ کپتان پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، چینی کی قیمتوں کے حوالے سے وفاقی حکومت کو اعلانات سے بڑھ کر کام کرنا ہوگا جو اب پچپن روپے سے بڑھ کر فی کلو چینی کی قیمت ایک سو پندرہ روپے ہوگئی ہے، گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی آلودگی ہمارے لئے ایک بڑا چیلنج ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں وائی ایم سی اے گراؤنڈ میں بوہرہ کمیونٹی کے اشتراک سے شجر کاری مہم کا افتتاح کے موقعے پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ وائے ایم سی اے گراؤنڈ کو سندھ حکومت ری ویمپ کررہی ہے جس کیلئے اس کی دیوار کو بنایا گیا ہے، گراؤنڈ کو خوش شکل بنانے کیلئے حکومت سندھ نے فنڈز بھی مختص کئے ہیں، انہوں نے کہا کہ وائی ایم سی اے گراؤنڈ میں واکنگ اور جاگنگ ٹریک بھی بنایا گیا ہے اب اس میں ہاکی فیلڈ بھی بنائی جارہی ہے، حکومت سندھ کا دوسرا بڑا فیصلہ اس میدان میں بڑے پیمانے پر پلانٹیشن کرنا تھا جس کیلئے بوہری کمیونٹی کے ساتھ مل کر پودے لگائے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبہ بھر میں شجر کاری مہم چلارہی ہے تاکہ ہمارا مستقبل محفوظ ہو، شجرکاری کا آغاز پورے صوبہ کے مختلف شہروں میں کیا گیا ہے ۔