حسن علی کے ہاں ننھی پری کی آمد

April 06, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

حسن علی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا کہ اللّٰہ نے انہیں بیٹی کی رحمت سے نوازا ہے، ننھی شہزادی کو ہماری فیملی میں خوش آمدید۔

کرکٹر نے لکھا کہ ’اللہ اس ننھی پری کے ہر خواب پورے کرے، براہِ کرم ہماری فیملی کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔‘

واضح رہے کہ 20 اگست 2019 کو حسن علی بھارتی دوشیزہ سامعہ آرزو کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ سامعہ آرزو متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں لیکن وہ گوجرانوالہ بھی آتی رہتی ہیں۔

شادی کی شاندار تقریب دنیا کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں سے ایک دبئی کے سیون اسٹار ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی۔

نومبر میں جوڑے نے نئے مہمان کی متوقع آمد کی اطلاع انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے دی تھی۔

یاد رہے کہ حسن علی کی اہلیہ سامعہ آرزو کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے ہے، انہوں نے مانو رچنا یونیورسٹی سے ایرو ناٹکس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

سامعہ آرزو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایمریٹس ایئرلائن میں بطور فلائٹ انجینئر خدمات سر انجام دیتی ہیں۔