ملتان، بینائی متاثرہ 16 افراد کا نشتر اسپتال میں معائنہ

April 06, 2021

ملتان کے نجی اسپتال میں آپریشن کے بعد ایک ایک آنکھ کی بینائی سے متاثر ہونے والے 16 افراد کی آنکھوں کا معائنہ نشتر اسپتال میں کیا گیا۔

چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارشد کے مطابق تمام 16 متاثرہ افراد کا معائنہ ہیلتھ کیئر کمیشن کی سفارش پر نشتر اسپتال میں کیا گیا ہے۔

معائنے کے بعد متاثرہ افراد کے علاج کے بارے میں ہیلتھ کیئر کمیشن کو آگاہ کیا جائے گا اور فیصلہ کیا جائے گا کہ متاثرہ افراد کو اسپتال میں داخل کیا جائے یا ادویات دے کر گھر بھجوا دیا جائے۔

چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسر کے مطابق ہیلتھ کیئر کمیشن آج اپنی تحقیقات مکمل کرلے گا جبکہ وزیر اعلیٰ کی پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی پہلے ہی اپنی انکوائری مکمل کر کےرپورٹ بھجوا چکی ہے۔