جنسی جرائم کی روک تھام ‘ وزیراعظم کا بیان حقیقت پسندانہ‘ حنیف جالندھری

April 10, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) جنرل سیکرٹری وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے جنسی جرائم کی روک تھام کے لئے وزیراعظم عمران خان کے بیان کو حقیقت پسندانہ اور قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے سے جنسی جرائم کے خاتمے کے لئے ان جرائم کے اسباب بالخصوص فحاشی و عریانی کے خاتمے کی ضرورت ہے۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کی طرف سے فحاشی و عریانی کو جنسی جرائم کا سبب قرار دینے کو حقیقت پسندانہ اور قابل تعریف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اصل مرض کی تشخیص کے بغیر کسی بھی مرض سے نجات حاصل نہیں کی جاسکتی۔ مولانا جالندھری نے کہا کہ صرف بیان کافی نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ فحاشی اور بے حیائی کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔