تُرک سیریز کوسم سُلطان کے ’سُلطان احمد‘ بھی کورونا میں مبتلا

April 10, 2021

اسلامی فتوحات پر مبنی مقبول ترین تُرک سیریز ’کوسم سُلطان‘ میں ’سُلطان احمد‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار ایکن کوک بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

تُرک میڈیا رپورٹس کے مطابق سُلطان احمد کا کردار ادا کرنے والے فنکارایکن کوک عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد اُنہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کررہے ہیں۔

دوسری جانب ابھی تک تُرک اداکار ایکن کوک نے اپنے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی بیان سوشل میڈیا پر جاری نہیں کیا ہے۔

اس سے قبل تُرک ڈرامہ ’ہماری کہانی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار بوراک دنیز اور اداکارہ ہیزل کایا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد اُنہوں نے خود کو آئسولیٹ کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ تُرک سیریز ’کوسم سُلطان‘ ناصرف تُرکی بلکہ پاکستان میں بھی بےحد مقبول ہے۔

اس سیریز کے دو سیزن ہیں جنہیں پاکستان ایک نجی ٹی وی چینل پر اُردو زبان میں ڈب کرکے نشر کیا گیا تھا۔

اس ڈرامے کے دو مرکزی کردار تھے جن میں ’کوسم سُلطان‘ اور اُن کے شوہر ’سُلطان احمد‘ شامل ہیں۔