عمران خان کا سعودی ولی عہد کے بعد بل گیٹس کو بھی خط

April 11, 2021


وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کے بعد مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو بھیموسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے خط لکھا ہے جس میں عمران خان نےموسمیاتی تبدیل کے خطرات پر کتاب لکھنے پر بل گیٹس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

عمران خان نے اپنے خط میں عزم کیا کہ آئیں مل کر دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچائیں، پاکستان بھی موسمی خطرات سے نمٹنے اور بچاؤ کے لیے اقدامات کررہا ہے۔

وزیراعظم نے خط میں لکھا کہ پاکستان ان ممالک میں ہے جہاں موسمیاتی تبدیلی کے خطرات زیادہ ہیں، پاکستان کو بھی گلیشیئر پگھلنا اور مون سون سمیت کئی طرح کے موسمی خطرات کا سامنا ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ پاکستان گرین اکانومی پالیسی کے تحت کاربن کی کمی کے لیے متبادل توانائی کے منصوبے شروع کررہا ہے جبکہ ہم نے بلین ٹری سونامی، نیشنل پارکس، کلین گرین اور ویسٹ مینجمنٹ کےپروگرام بھی شروع کر رکھےہیں۔

عمران خان نے خط میں لکھا کہ پاکستان نے لاتعداد گرین جابز دیں، 10 لاکھ ایکڑ جنگلات کو محفوظ بنایا۔

وزیراعظم نے لکھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آپ کی کتاب پاکستان کے بلین ٹری منصوبےکی عکاس ہے،کرۂ ارض کو موسمیاتی نقصانات سے بچانے کے لیے آپ کی کتاب بہترین کاوش ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی لکھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کم کرنے کے لیے بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے، پوری دنیا کو موسمیاتی خطرات کو بھانپتے ہوئے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔

عمران خان نے خط میں مزید لکھا کہ نئی نسل کو کلین گرین اور پُرفضا ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خط لکھا تھا جس میں اُنہوں نے سعودی عرب کے’ گرین انیشی ایٹو‘ منصوبے پر خوشی کا اظہار کیا تھا اور’ گرین مڈل ایسٹ انیشی ایٹو‘ کی تعریف کی تھی۔

عمران خان نے خط میں کہا تھا کہ منصوبے کے تحت سعودی عرب میں 10 ارب اور مشرق وسطیٰ میں 50 ارب درخت لگانے کا سُن کر خوشی ہوئی۔