دہلی: تہاڑ جیل میں 52 قیدی کورونا وائرس کا شکار

April 13, 2021

بھارت کے دارالحکومت دہلی کی تہاڑ جیل میں موجود 52 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا تہاڑ جیل کے 35 قیدی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں۔

دوسری جانب بھارت میں روسی کورونا ویکسین اسپوتنک کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ روسی حکام نے بھارت میں اسپوتنک کے سالانہ 85 کروڑ سے زائد ڈوز تیار کرنے کا ارادہ کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ 1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ایک بار پھر دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں اس وائرس سے 1 لاکھ 71 ہزار 89 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ 1 کروڑ 36 لاکھ 89 ہزار 453 مریض سامنے آ چکے ہیں۔

دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 کروڑ 72 لاکھ 78 ہزار 679 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 29 لاکھ 59 ہزار 324 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 2 کروڑ 38 لاکھ 46 ہزار 877 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 3 ہزار 903 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 11 کروڑ 4 لاکھ 72 ہزار 478 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔