T20 ورلڈکپ، بھارتی حکومت نے پاکستانی کرکٹ ٹیم اور صحافیوں کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دیدی

April 17, 2021

بھارتی حکومت نے پاکستانی کرکٹ ٹیم اور صحافیوں کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دیدی

کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) بھارتی حکومت نے پاکستانی کرکٹ ٹیم اور صحافیوں کو بھارت میں اکتوبر میں ہونے والے ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کیلئے ویزے جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

قبل ازیں پاکستان نے بھارتی حکومت سے پاکستانی ٹیم، صحافیوں اور شائقین کے ویزوں کی تحریری ضمانت مانگی تھی۔دو ہفتے پہلے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی اس بارے میں آخری ڈیڈ لائن دی تھی۔

جمعے کو بھارتی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی صحافیوں کو بھی ویزے جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے البتہ پاکستانی کرکٹ شائقین کو ویزے دینے کا فیصلہ بعد میں ہو گا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ نے ایپیکس کونسل کو ویزوں کے متعلق بتا دیا ہے۔بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کی ایپیکس کونسل کی میٹنگ جمعے کو ہوئی تھی۔

بھارت اپنے9شہروں میں ٹورنامنٹ کرانا چاہتا ہے۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کی وجہ سے ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات منتقل ہونے کے امکانات روشن ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی کونسل میٹنگ میں ویزہ دینے کی ‏منظوری سے متعلق باضابطہ اطلاع دی گئی۔ بھارت میں ٹی 20 ورلڈکپ کیلئےپاکستانی صحافیوں کوبھی ویزے دیئےجائینگے البتہ پاکستانی ‏شائقین کیلئے ویزوں سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

بھارت میں کورونا وائرس کے ایک دن میں ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جسکے بعد ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا، آئی سی سی نے ورلڈ کپ کیلئے متبادل پلان تیار کرلیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلر ڈائز نے امید ظاہر کی کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق بھارت میں ہوگا، بھارت میں ایونٹ نہ ہونے کی صورت میں ہمارے پاس بیک اپ پلان بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں صرف 6 ماہ باقی ہیں اور بھارت کورونا وائرس کی دوسری لہر سے دوچار ہے۔