وزارت سائنس کے ذیلی ادارے میں بھاری مشاہرے پر سی او او کی تقرری

April 17, 2021

اسلام آباد (ساجد چوہدری ) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے کامسٹس انٹرنیٹ سروسز (سی آئی ایس) میں بغیر اشتہار کے مبینہ قواعد و ضوابط کے برعکس بھاری مشاہرے پر چیف آپریٹنگ آفیسر(سی او او ) کو تین سال کے کنٹریکٹ پر رکھے جانے کا انکشاف ہوا ، آفر لیٹر میں عجیب بات سامنے آئی ہے کہ ناصر جمال خان کو چیف آپریٹنگ آفیسر کا جو لیٹرجاری ہواوہ یکم مارچ 2021ء کا ہے مگر اس میں متعلقہ افسر کو یکم جنوری 2021ء کو آفر کی گئی ہے ، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے سی آئی ایس کے معاملات کی چھان بین کیلئے ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے ، کامسٹس ہیڈکوارٹر کے ذرائع کے مطابق یہ تقرری سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نے کی ہے جن کا اپنا کنٹریکٹ فروری میں ختم ہو چکا ہے، چیف آپریٹنگ آفیسر ناصر جمال خان کو جاری آفر لیٹر کے مطابق ان کی ماہانہ تنخواہ تین لاکھ روپے ہو گی جبکہ اس کے علاوہ 1300سی سی گاڑی اور ساڑھے تین سو لیٹرز پٹرول بھی ماہانہ استعمال کر سکیں گے، کامسٹس ہیڈکوارٹر ذرائع کے مطابق سی آئی ایس پہلے ہی مالی طور پر مشکلات کا شکار ہے وہاں کے ملازمین کو تین ، تین ماہ تنخواہیں نہیں ملتی ، ایسے میں بغیر اشتہار بھاری مشاہروں پر بھرتی اس ادارے پر مزید بوجھ ہے ، اور ادارے میں بعض ایسے لوگ بھی رکھے گئے جن کا آئی ٹی شعبہ سے دور دور کا بھی کوئی تعلق نہیں۔