میڈیکل یونیورسٹیز میں جعلی ڈومیسائل پر داخلے، وی سیز اور ڈائریکٹر ایڈمیشن طلب

April 18, 2021

حیدرآباد(بیورورپورٹ) سندھ ہائیکورٹ حیدرآباد سرکٹ بنچ نے جعلی ڈومیسائل پر نوابشاہ اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹیز میں داخلوں کیخلاف دائر درخواست پر دونوں یونیورسٹیزکے وائس چانسلرز اورڈاریکٹرز ایڈمیشن کو ریکارڈ سمیت 21اپریل کو طلب کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ حیدرآباد سرکٹ بنچ میں فریال احمد سمیت 4 افراد کی جانب سے دائر آئینی درخواستوں میں کہا گیا تھا کہ نوابشاہ کی پمز میڈیکل یونیورسٹی میں ایک جبکہ لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کی نوابشاہ کیلئے مختص 3 نشستوں پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کا ڈومیسائل رکھنے والوں کو نوابشاہ کے جعلی ڈومیسائل پر داخلے دئیے گئے ہیں۔ جس کے ذریعے نوابشاہ کے طالبعلموں کوان کے حق سے محروم کیا گیا ہے،جعلی ڈومیسائل پر داخلے منسوخ کیئے جائیں۔ جمعرات کو عدالت نے درخواست گذاروں کے وکلا سے استفسار کیا کہ کیا ان کے پاس ڈومیسائل جعلی ہونے کے ثبوت موجود ہیں ،اس پر وکلا نے کہا کہ ان کے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے۔ عدالت نے وکلا کے جواب کے بعد دونوں میڈیکل یونیورسٹیز کے وی سیز اور ڈاریکٹر ایڈمیشن کو ریکارڈ سمیت 21اپریل کو عدالت میں طلب کرلیا ہے۔