طالبان افغان امن عمل سے وابستہ رہیں: پاکستان

April 20, 2021

پاکستانی وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے طالبان پر افغان امن عمل سے وابستہ رہنے پر زور دیا ہے۔

ابو ظہبی میں غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرِخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ طالبان اپنے فیصلے خود کرتے ہیں لیکن پاکستان انہیں آمادہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل کا حصہ بنے رہنے میں طالبان کا قومی مفاد ہے، طالبان غیر ملکی افواج کے انخلاء کے اپنے مقصد میں بڑی حد تک کامیاب ہوچکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کا انخلاء ہو گا جس کیلئے ایک تاریخ دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی فوجیوں کے انخلاء کا عمل رواں برس یکم مئی سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر امن عمل تعطل کا شکار رہا تو افغانستان میں تشدد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

وزیرِ خارجہ نے مزید بتایا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ اپنی ڈھائی ہزار کلو میٹر طویل سرحد پر 90 فیصد باڑ کا کام مکمل کر لیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر باڑ کا کام رواں برس ستمبر تک مکمل ہو جائے گا۔