حکومت مفت ویکسین لگارہی ہے اس کے باوجود لوگ نہیں لگوا رہے، ڈاکٹر سہیل اختر

April 23, 2021

پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ملک میں یومیہ پانچ ہزار سے زائد کورونا کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، حکومت مفت ویکسین لگارہی ہے اس کے باوجود لوگ نہیں لگوارہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر عبداللّٰہ متقی نے کہا کہ جب تک 70 فیصد آبادی کو ویکسین نہیں لگتی وبا سے چھٹکارا ممکن نہیں۔

پیما کے ذمہ داران نے کہا کہ کورونا وائرس بڑے پیمانے پر لوگوں کو متاثر کررہا ہے، ملک میں ویکسین کی مہم انتہائی سست روی کا شکار ہے۔

ڈاکٹر سہیل اختر نے کہا کہ عوام احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنے میں بھی سنجیدہ نہیں ہیں، تیزی سے کراچی میں حالات خراب ہورہے ہیں۔

ڈاکٹر کاشف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ویکسین کی خریداری میں کوتاہی نظر آئی ہے، آبادی کے لحاظ سے ویکسینیشن سینٹرز بنائے جائیں۔

پیما کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کو مکمل ایس او پیز کے ساتھ دوبارہ کھولنا چاہئے، یہاں نسبتاً بہتر انداز سے ایس او پیز پر عمل ہوسکتا ہے، ہنگامی بنیادوں پر اساتذہ کرام کو بھی ویکسین لگانی چاہئے۔