جعلی دستاویزات پر کینیڈا، ترکی اور یورپ جانے کی کوشش، 12 مسافر گرفتار

April 23, 2021

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے امیگریشن ڈپارٹمنٹ نے کراچی ایئرپورٹ سے جعلی ویزوں اور دستاویزات پر کینیڈا، یورپ اور ترکی جانے کی کوشش کرنے والے 12 مسافروں کو گرفتار کیا ہے۔ جن کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ گرفتاریاں ایک ماہ کے دوران عمل میں آئی ہیں۔ مسافر جعلی ویزوں اور ورک پرمٹ پر سفر کرنے کے لیے ائیرپورٹ پہنچے تھے۔

ترجمان کے مطابق 5 مسافروں کو کراچی سے ترکی کے لیے سفر کے دوران گرفتار کیا گیا۔ تین مسافر کینیڈا جانا چاہتے تھے اور تین ہی نے جعلی ویزوں پر قبرص کیلئے بورڈنگ لی اور روانگی کے لیے امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچے تھے۔

ان مسافروں کے پاس سیاحت، ایجوکیشن اور کام کے ویزے تھے جو جانچ پڑتال کے دوران جعلی ثابت ہوئے۔

ترجمان کے مطابق حال ہی میں جعلی الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی (ای ٹی اے) اور جعلی پروٹیکٹر اسٹیمپ پر کینیڈا جانے والے ایک اور مسافر کو بھی گرفتار کیا گیا جو کہ اپنی نوعیت کا منفرد کیس ہے۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ گرفتار افراد نے جعلی ویزوں اور ورک پرمٹ کے حصول کے لیے ایجنٹوں کو بھاری ادائیگیاں کی تھیں۔ گرفتار افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔

گرفتار افراد کو مزید کارروائی کیلئے ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن اسمگلنگ سرکل کراچی کے حوالے کیا گیا۔ جہاں ان کے خلاف مقدمات درج کرکے کارروائیاں جاری ہیں۔