بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ’ای ویزا‘ کا آغاز کیا ہے، شاہ محمود

April 30, 2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہنگری کے ہم منصب سے ملاقات میں بتایا کہ حکومت نے بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ’ای ویزا‘ کا آغاز کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے وزارتِ خارجہ میں ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹرسجارتو سے ملاقات کی اور انہیں آمد پر خوش آمدید کہا، دونوں رہنماؤں کے درمیان ہوئی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور ہنگری کے مابین دو طرفہ تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں،پاکستان ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ٹیکس چھوٹ سمیت پرکشش مراعات دے رہی ہے۔

انہوں نے ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹرسجارتو کو آگاہ کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ملاقات میں ہنگری کے وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مصالحانہ کوششوں کو سراہا۔