کورونا کا شکار رندھیر کپور آئی سی یو منتقل

April 30, 2021

کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بالی ووڈ کے معروف اداکار، ہدایتکار و پروڈیوسر رندھیر کپور کو انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا کرینہ اور کرشمہ کپور کے والد رندھیر کپور کو گزشتہ روز اُن کی طبیعت ناساز ہونے پرممبئی کے کوکیلابین امبانی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

اب اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ترین معلومات کے مطابق رندھیر کپور کوانتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) منتقل کردیا گیا ہے جہاں اُن کا علاج جاری ہے۔

ڈاکٹرز نے اداکار کے تمام ٹیسٹ کے نتائج آنے کے بعد اُنہیںانتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز رندھیر کپور نے اپنے مداحوں کو یقین دلایا تھا کہ انہیں سانس لینے میں کوئی دشواری پیش نہیں آ رہی ہے اور انہیں آئی سی یو منتقل ہونے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہرندھیر کپور نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا اور ان کی طبیعت بھی مسلسل خراب ہورہی تھی جس کے باعث انہیں ممبئی کے اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا۔

ممبئی کے کوکیلابین امبانی اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر سنتوش سیٹھی نے اداکار رندھیر کپور کے اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکار کی طبیعت میں مسلسل بہتری آرہی ہے تاہم ان کے متعدد ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن کی رپورٹس آنے پر ان کی صحت سے متعلق کچھ کہا جاسکتا ہے۔