بالی ووڈ کے معروف اداکار، ہدایتکار و پرڈیوسر اور لیجنڈری اداکار رشی کپور کے بھائی رندھیر کپور کا کہنا ہے کہ جب ہم ساتھ ہوتے تھے تو ہمیں کسی کی ضرورت نہیں پڑتی تھی۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کےمطابق رندھیر کپور نے ایک انٹرویو کے دوران اپنے بھائی رشی کپور کی موت پر کُھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اور رشی کپور بھائی ہونے کے ساتھ ہی ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست بھی تھے اور جب ہم دونوں ساتھ ہوتے تھے تو ہمیں کسی دوسرے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی تھی۔‘
رندھیر کپور نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ ’رشی کپور کی موت میرے لیے نقصان ہے، ہم دونوں کی پسند اور ناپسند بھی ایک ہی تھی۔‘
بالی وڈ اداکار نے کہا کہ ’ہم دونوں لذیذ پکوان کھانے کا شوق رکھتے تھے اور ہم اکثر دونوں خود ہی مل کر پارٹی کرتے تھے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ہم ایک دوسرے کو فون کرتے تھے اور پوچھتے تھے کہ کیا کر رہا ہے؟ اگر تُم میرے پاس نہیں آرہے تو میں آجاتا ہوں۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’ہنسی خوشی ہماری زندگی گُزر رہی تھی، اُس میں سے ایک مسافر اُتر گیا، اب دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے۔‘
یاد رہے کہ 67 سالہ بھارتی اداکار رشی کپور کو دو سال قبل کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے علاج کے لیے وہ نیو یارک چلے گئے تھے۔
ایک سال گُزرنے کے بعد وہ گزشتہ سال ستمبر میں وہاں سے واپس ممبئی آگئے تھے اور ممبئی آکر وہ رواں سال 30 اپریل کو ممبئی کے ایچ این ریلائنس اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے۔
رشی کپور کے اہلِ خانہ میں اُن کی اہلیہ نیتو کپور، بیٹا رنبیر کپور اور بیٹی ردھیما کپور شامل ہیں۔