وزریر اعظم آئرلینڈ کا لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ

May 02, 2021

ڈبلن( نمائندہ جنگ ) آئرلینڈ کے وزیراعظم مائیکل مارٹن کہا ہے کہ عوام کے تعاون اور محکمہ صحت کی کوششوں کی وجہ سے ہم کورونا وبا کے خلاف جنگ میں ایک بہتر پوزیشن پر ہیں تاکہ ملک کو اتنے طویل عرصے کے بعد روز مرہ زندگی کیلیے دوبارہ کھولا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار کا اظہار انہوں نے کویڈ 19 لاک ڈاون کی پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے کابینہ کے اجلاس کے بعد سرکاری بلڈنگ سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔آئرش کابینہ کے اجلاس میں ملک میں جاری کویڈ 19 لاک ڈائون لیول 5 پابندیوں کو نرم کرنے کے حوالے سے نیشنل پبلک ہیلتھ ایمرجنسی ٹیم( این پی ایچ ای ٹی) کی سفارشات کی روشنی میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈائون کی پابندیوں میں آہستہ آہستہ نرمی کی جائے گی۔ وزیراعظم مائیکل مارٹن نے اعلان کیا کہ حکومت نے آئندہ دو ماہ کے دوران ملک میں لاک ڈائون کی پابندیوں کو لیول 3 پلس پر لانے کا فیصلہ کیا ہے، کویڈ 19 لاک ڈائون پابندیوں میں مئی، جون میں نرمی کی جائے گی جس کے مطابق 10مئی سے سفری پابندیاں ختم کردی جائے گی،باربر شاپ، لائیبریری، میوزیم،گیلریز اور ٹیم ٹرینگ گرائونڈ بھی کھول دئیے جائیں گے جب کہ غیر ضروری شاپس، آن لائن آرڈر کرکے سامان خریدا جاسکے گا۔ 10 مئی سے ہی عبادتگاہیں بھی کھول دی جائے گی، تاہم 50 سے زائد افراد عبادت، جنازہ یا شادی میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ چاردیواری کے اندر شادیوں میں 6 افراد اور باہر 15 افراد کو حصہ لینے کی اجازت ہوگی ۔ ایسے دو گھرانے جنہوں نے ویکسین کا کورس مکمل کرلیا ہوگا وہ گھروں کے اندر مل سکیں گے ۔ سرکاری ٹرانسپورٹ بسوں میں صرف 50 فیصد مسافروں کو سوار کرنے کی اجازت ہوگی ۔ 17 مئی سے تمام دوکانیں اور 2 جون سے ہوٹلز اور گیسٹ ہاوس کھول دیے جائیں گے۔ 7 جون سے بار ریستوران کھول دئیے جائیں گے اور لوگوں کو باہر بیٹھ کر کھانے کی اجازت ہوگی۔ سوئمنگ پول،جم اور تفریحی مراکز بھی کھول دیے جائیں گے۔ 7 جون سے 25 مہمان شادی میں شرکت کرسکیں گے ،10 مئی سے ایسے لوگوں کو ڈرائیونگ کلاس لینے کی اجازت ہوگی جن کو کام کے لیے ڈرائیونگ ضروری ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے جو کاروبار کھولے جارہے ہیں وہ اب کھلے رہیں اس لیے ہم سب کو مل کر اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، انہوں نے کہ حکومت کے اس فیصلہ سے 2 لاکھ افراد اپنے روزگار پر واپس آسکیں گے ۔