آئی سی یو میں داخل رندھیر کپور کی طبیعت میں بہتری آنے لگی

May 02, 2021

دو روز قبل طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل ہونے والیبالی ووڈ کے معروف اداکار، ہدایتکار و پروڈیوسر رندھیر کپور کی طبیعت میں بہتری آنے لگی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعدممبئی کے کوکیلابین امبانی اسپتال میں داخل ہونے والے کرینہ اور کرشمہ کپور کے والد رندھیر کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔

کوکیلابین امبانی اسپتال انتظامیہ کے مطابق رندھیر کپور ابھی بھی انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں ہی ہیں لیکن اُن کی طبیعت پہلے سے کافی سنبھل گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ رندھیر کپور کو مزید کچھ دن کے لیے اسپتال میں ہی رکھا جائے گا تاکہ وہ مکمل طور پر صحتیاب ہوسکیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرز نے اداکار کے تمام ٹیسٹ کے نتائج آنے کے بعد اُنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب اس سے قبل رندھیر کپور نے اپنے مداحوں کو یقین دلایا تھا کہ انہیں سانس لینے میں کوئی دشواری پیش نہیں آ رہی ہے اور انہیں آئی سی یو منتقل ہونے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ رندھیر کپور نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا اور ان کی طبیعت بھی مسلسل خراب ہورہی تھی جس کے باعث انہیں ممبئی کے اسپتال میں داخل کردیا گیا تھا۔

ممبئی کے کوکیلابین امبانی اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر سنتوش سیٹھی نے اداکار رندھیر کپور کے اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکار کی طبیعت میں مسلسل بہتری آرہی ہے تاہم ان کے متعدد ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن کی رپورٹس آنے پر ان کی صحت سے متعلق کچھ کہا جاسکتا ہے۔