اب موت بہت قریب آگئی ہے، شکتی کپور

May 03, 2021

بھارت کے نامور اداکار شکتی کپور نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن پر دیکھ کر ان کا دل ٹوٹ رہا ہے، جبکہ یہ بھی کہا کہ اب موت بہت قریب آگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شکتی کپور نے حالیہ انٹرویو میں بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال پر رنج کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلا ایک سال بہت مشکل گزرا ہے، اب موت بہت قریب آگئی ہے۔

انھوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پہلے کہتے تھے کہ مرنے والا ہے، اور اس میں دس سال لگ جاتے تھے، لیکن اب تو لوگ بڑی تعداد میں ایک ساتھ مرتے جارہے ہیں۔ اب موت کیا ہے؟ اب تو یہ بہت آسان ہے۔‘

شکتی کا کہنا تھا کہ میں نے سنا کہ دوست کے بھائی صبح اسپتال گئے ہیں اور شام میں علم ہوا کہ وہ دنیا میں نہیں رہے۔

انھوں نے موجودہ صورتحال پر نظر ڈالتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کا واحد حل پورے ملک کی ویکسینیشن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کی ایک دوست بھارت آئی، اس نے بتایا کہ اس کے ملک میں تو لوگ ماسک نہیں پہنتے، کیونکہ وہاں تقریباً 90 فیصد آبادی کی ویکسینیشن کردی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا رویہ ’دیکھا جائے گا جو ہوگا‘ ہے، اسی وجہ سے کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہورہی ہے۔