لاہور اور کوئٹہ میں یومِ علیؓ کے جلوس نکالے گئے

May 04, 2021


پنجاب کے دارالخلافہ لاہور اور بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں بھی یوم شہادتِ حضرتِ علی رضی اللّٰہ عنہ کے موقع پر جلوس نکالے گئے۔

اندرونِ لاہور میں یومِ شہادتِ حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ کا مرکزی جلوس رات گئے مبارک حویلی سے برآمد ہوا۔

یہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا صبح کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے، جلوس میں عزا داروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

جلوس چوک نواب صاحب، نثار حویلی، پرانی کوتوالی، مسجد وزیر خان، سنہری مسجد، پانی والا تالاب، نو گزہ چوک، سٹی سینما چوک اور بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا صبح کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کےساتھ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی، جلوس کے راستوں کی جانب کھلنے والی تمام گلیاں اور بازار خاردار تار اور قناتیں لگا کر بند کیئے گئے۔

بھاٹی چوک سے ضلع کچہری چوک تک کنٹینرز کھڑے کر کے ٹریفک بلاک کی گئی۔

ادھر کوئٹہ میں یومِ علیؓ کی مناسبت سے ہزارہ ٹاؤن میں جلوس نکالا گیا، اس موقع پر علاقے کو مکمل سیل کیا گیا، پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات رہی۔

بلوچستان شیعہ کانفرنس کے عہدے داروں کی قیات میں ہزارہ ٹاؤن میں 9 دستوں پر مشتمل ماتمی جلوس نکالا گیا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا ہزارہ ٹاؤن قبرستان پہنچا۔

قبرستان سے واپس ہو کر جلوس ہز ارہ ٹاؤن میں امام بارگاہ رضویہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کے موقع پر ہزارہ ٹاؤن کو جانے والے راستوں کو مکمل سیل کیا گیا تھا جبکہ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔

یومِ علیؓ کی مناسبت سے منگل کی شب علم دار روڈ پر بھی جلوس نکالا جائے گا جو میکانگی روڈ، آرچر روڈ، آرٹس اسکول روڈ، پرنس روڈ، امام بارگاہ کلاں سے ہوتا ہوا واپس علم دار روڈ پر آ کر اختتام پذیر ہو گا۔