سابق حکمران الیکشن میں شفافیت کے مخالف ہیں، بزدار

May 04, 2021

پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دھاندلی میں ملوث ٹولہ الیکٹرانک ووٹنگ نظام سے خوف زدہ ہے اور اسی لیے راہ فرار اختیار کر رہا ہے، سابق حکمران الیکشن میں شفافیت کے مخالف ہیں۔

لاہور میں اراکین صوبائی و قومی اسمبلی سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ سے الیکشن میں شفافیت آئے گی اور نتائج پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمران جانتے ہیں کہ انتخابات شفاف ہوئے تو ان کی رہی سہی سیاست بھی ختم ہو جائے گی ۔

عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت نے اڑھائی برس کے دوران عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے، ہماری حکومت کا ایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں آیا،جبکہ ماضی میں ہر روز کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آتی تھیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں حسنین بہادر دریشک، جمشید اقبال چیمہ راجہ ریاض احمد، حاجی امتیاز، شہاب الدین، عادل پرویز، عبدالرحمٰن، ملک اسد کھوکھر، طارق تارڑ، رائے حسن نواز اور طاہر بشیر چیمہ شامل تھے۔