برمنگھم میں اشیائے خوردونوش کی تقسیم، کورونا کے باعث بےگھر افراد کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، کونسلر شفیق شاہ

May 05, 2021

برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی)کورونا لاک ڈاؤن کے دوران غریب نادار افراد کو پہلے سے زیادہ مدد کی ضرورت ہے، کیونکہ اس دوران انکی مشکلات میں مذید اضافہ ہو گیا ہے۔ ان خیالات کااظہار ایک فلاحی تنظیم کے زیر اہتمام اشیا خوردونوش کی تقسیم کے موقع پر سابق لارڈ میئر برمنگھم کونسلر شفیق شاہ نے کیا۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی پابندیوں کے باعث بے گھر افراد کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا اور فلاحی تنظیم نے انکی ضروریات کے پیش نظر اشیائے خوردونوش مہیا کرنا شروع کردیں، ماہ رمضان میں مسلم خواتین وحضرات کو افطاری کا سامان بھی مہیا کیا جاتا ہے، سابق لارڈ میئر کونسلر شفیق شاہ نے برمنگھم سٹی سنٹر میں قائم ہوم لیس فری کیفے کا دورہ کیا اوروالنٹیئرز کی حوصلہ افزائی کی۔ کورونا کے باعث برمنگھم میں بے گھر افراد اور بے روز گاری میں کافی حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ہوم لیس افراد کی مشکلات کے پیش نظر ہوم لیس کے لئے کام کرنے والی فلاحی تنظیم فیڈونیڈو نے برمنگھم سٹی سنٹرمیں قائم فری کیفے سے اشیاء خوردونوش کے ساتھ ساتھ پکا ہوا کھانا اور مسلم خواتین وحضرات کو افطاری کے لئے پیک فوڈز بھی مہیا کرنا شروع کر دیا۔ گزشتہ روز سابق لارڈ مئیر کونسلر شفیق شاہ نے سٹی سنٹر میں قائم ہوم لیس فری کیفے کا دورہ کیا جس دوران فیڈونیڈو کی پروجیکٹ ڈائریکٹر رافع نے ہوم لیس کو مہیا کرنے والی اشیاء اور انکی مشکلات کے بارے میں بریفنگ دی اور ماہ رمضان المبارک کے ماہ میں اسٹوڈنٹس نوجوان والنٹیئرز نے جس قدر کام کیا اس بارے میں بھی بتایا اور ہوم لیس کے لئے فری سروس مہیا کرنے والے رضا کاروں کا تعارف بھی کروایا۔اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق لارڈ مئیر کونسلر ڈاکٹر شفیق شاہ نے کہا کہ مجھے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ فیڈونیڈو بلا رنگ ونسل تمام لوگوں کی تسلسل سے انکی ضروریات کے مطابق خدمت کر رہی ہے۔لوکل گورنمنٹ بھی انشاء اللہ انکے ساتھ تعاون کرے گی۔ اس موقع پر منتظمین نے بھی میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق لارڈ مئیر آف برمنگھم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کیفے کا وزٹ کر کے والنٹیئرز کی حوصلہ افزائی کی اور ہمارے کاز کو آگے لیکر چلنے کا عزم ظاہر کیا۔ ماہ رمضان المبارک میں بے سہارا بے گھرافراد کی خدمت سے قربت الہی حاصل کرنے کا اہم موقع ہے جبکہ ملٹی کلچرل کمیونٹیز میں انسانیت کی خدمت سے اسلام کا اصل چہرہ لوگوں کے سامنے آتا ہے۔ جس کے لئے فلاحی تنظیم کے منتظمین اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔