لاہور ہائیکورٹ، مبینہ جھوٹے بیان پر چیف سیکرٹری سےتحریری جواب طلب

May 05, 2021

لاہور (نمائندہ جنگ)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نےمبینہ طور پر عدالت میں جھوٹا بیان دینے پر چیف سیکرٹری پنجاب کو تحریری جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دے دی. عدالت میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے واجبات کے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ،دوران سماعت وزارت دفاع کے قانونی مشیر اور چیف سیکرٹری پنجاب پیش ہوئے،عدالت کو آگا ہ کیا گیا کہ292 ملین روپے کا بل جاری کر دیا ہے. گزشتہ سماعت کے بعد 28 اپریل کو سیکرٹری اطلاعات نے پی بی اے سے میٹنگ کی ،جس پر عدالت نے کہا کہ میں اس میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں کا ریکارڈ طلب کروں گا، سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ34 کروڑ روپے واجب الادا تھے،عدالت نے استفسار کیا کہ چیف سیکرٹری کا جواب کہاں ہے؟ عدالت کو بتایا گیا کہ چیف سیکرٹری راستے میں ہیں، وہ کچھ ہی دیر میں پہنچ رہے ہیں،عدالت نے پوچھا کہ وزارت دفاع سے کون آیا ہے؟ بریگیڈئیر فلک ناز نے بتایا کہ وہ حاضر ہیں، وہ چیف لیگل ایڈوائزر ہیں ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وزارت دفاع نے واضح طور پر کہا ہے کہ کور کمانڈر کیساتھ چیف سیکرٹری کی کوئی میٹنگ نہیں ہوئی ،سرکاری افسر کی جانب سے عدالت میں غلط بیانی کی گئی کیوں یہ جھوٹا بیان عدالت میں دیا گیا کیوں نہ اس سرکاری افسر کیخلاف فوجداری کارروائی کی جائے؟