انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر حکومت سندھ کی پابندی کے احکامات نظرانداز

May 05, 2021

انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پر حکومت سندھ کی پابندی کے احکامات کو کراچی میں نظرانداز کردیا گیا، ٹرانسپورٹرز نہ صرف بسیں بھر رہے ہیں بلکہ کرایے بھی بڑھارہے ہیں۔

مسافر بھرو، جیبیں گرم کرو اور بس جانے دو، کراچی سے دیگر شہروں کو جانے والی بسیں، سندھ حکومت کی پابندی کے باوجود چل رہی ہیں۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ ان کا مسئلہ نہیں، انہیں تو بس فوری طور پر اپنے آبائی علاقوں کو پہنچنا اور گھروالوں کے ساتھ عید منانا ہے، اس لئے سماجی فاصلے کا دھیان کسی کو نہیں ہے۔

سہراب گوٹھ سے بذریعہ سپرہائی وے اپنی منزل کی طرف چلنے والی بس کے مسافروں کو پابندی کا علم ہے، لیکن انہیں کورونا کے خوف کے بجائے اضافی کرائے کی فکر ہے۔

ٹرانسپورٹرز تو سارا ملبہ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی پر ڈال کر پہلو تہی کررہے ہیں۔

محکمہ داخلہ نے 30 اپریل سے شہروں کے درمیان اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی ہے، لیکن ان احکامات پر عملدرآمد کروانے والا کوئی نظر نہیں آتا۔