وزیراعظم کاختم نبوت پرموقف قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے،راجہ بشارت

May 06, 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر قانون راجہ بشارت نے پنجاب اسمبلی کے سامنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ختم نبوت پر جو موقف اپنایا وہ پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی طورپر بھی نبی آخر الزمان ؐکی شان پر سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔راجہ بشارت نے اسمبلی میں اپوزیشن کے رویہ کوافسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوری اقدار کا واویلا تو کرتے ہیں لیکن جب جمہوری کردار کی بات آتی ہے تو راہ فرار اختیار کرلیتے ہیں۔ ابھی دیکھیں کہ لیڈر آف اپوزیشن حمزہ شہباز اسمبلی کے پہلے اجلاس میں آئے ہی نہیں، انہیں اسمبلی اجلاس سے کوئی دلچسپی نہیں اور پھر وہ لوگ تنقید کرتے ہیں جن کا تعلق کارروائی سے نہیں ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان کمروں سے باہر نکل کر میڈیا ٹاک کرکے چلے جاتے ہیں۔ راجہ بشارت نے کہا کہ کیا یہ بات درست نہیں کہ رولز آف پروسیجر کو معطل کرنے کااختیار سپیکر کے پاس ہمیشہ سے ہوتاہے اور انہوں نے کل معمول کی کارروائی معطل کر کے اختیارات سے تجاوز نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے لئے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کاانتظار ہے جس پرحکومت مکمل عمل درآمد کرے گی۔ ٹی ایل پی کے گرفتار ارکان کے حوالے سے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ اپنے معروضی حالات کے مطابق ان کی رہائی کیلئے اقدامات کریں۔ راجہ بشارت نے کہا کہ پنجاب میں نمبر گیم ایسی ہے کہ فی الحال کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔