وفاقی حکومت کا کامیاب جوان پروگرام میں تبدیلیوں کا فیصلہ

May 06, 2021

وفاقی حکومت نے کامیاب جوان پروگرام میں تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا، وزیرخزانہ نے رقم کی تقسیم کے عمل میں ہنگامی بنیادوں پر تیزی لانے کا عندیہ دے دیا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت کامیاب جوان پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں گورنراسٹیٹ بینک، معاون خصوصی یوتھ افیئرز اور معاشی ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں کامیاب جوان پروگرام کو روزگار کی فراہمی کیلئے سب سے بڑا ٹول بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور ملکی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کیلئے قرض کی حد 5 کروڑ روپے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم کیلئے 4 مختلف کیٹیگریز طے کردی گئیں، پہلی کیٹیگری 1 سے 5 لاکھ روپے تک ہوگی، مائیکرو فنانسنگ کی جائے گی، گاؤں دیہات اور یونین کونسلز کی سطح پر رقم کی تقسیم ہوگی۔

اجلاس میں دوسری کیٹیگری میں رقم 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کردی گئی ہے، تیسری کیٹیگری میں رقم کی حد 20 لاکھ سے ڈھائی کروڑ روپے تک ہوگی۔

چوتھی کیٹیگری میں 5 کروڑ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا، 15 جون تک وفاقی کابینہ اور ای سی سی سے تبدیلیوں کی منظوری لی جائےگی، اسی سال بجٹ میں رقم مختص کردی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ

اجلاس میں نوجوانوں میں کم از کم 100 ارب روپے کی رقم فوری تقسیم کرنے فیصلہ کیا گیا۔

شوکت ترین نے کہا کہ کامیاب جوان ملکی معیشت اور انڈسٹری کیلئے انقلابی پروگرام ثابت ہوگا،منصوبہ زراعت اور ایس ایم ای سیکٹر کو پاؤں پر کھڑا کرسکے گا، پروگرام میں شامل بینک قرض کی تقسیم کا عمل فوری تیز کردیں۔