• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین پاکستانی نوجوان’فوربز‘ کی انڈر 30 شمالی امریکی فہرست میں شامل

معروف اقتصادی جریدے ’فوربز‘ کی جانب سے جاری کی گئی  شمالی امریکا خطے کی ’30 انڈر 30‘ فہرست میں تین پاکستانی بھی شامل ہیں۔

مذکورہ فہرست میں تین پاکستانی نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے جو کاروبار کے سلسلے میں امریکا میں مقیم ہیں۔

فہرست میں شامل تینوں پاکستانیوں کو مختلف کیٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے، پاکستانی نوجوان فیضان بھٹی کو مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

فیضان بھٹی کو 2019 میں کنان صالح کے ساتھ مل کر آن لائن ٹیکسی سروس ہالو کار شروع کرنے پر اس فہرست کا حصہ بنایا گیا۔

پاکستانی نوجوان دانش دھمانی کو افریقی و بھارتی دوست کے ساتھ اورائی نامی تعلیمی تنظیم شروع کرنے پر تعلیم کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

فہرست میں شامل تیسرے پاکستانی نوجوان اسد ملک کو امیگرینٹس کی فہرست میں رکھا گیا ہے، وہ امریکا میں آرٹ پرفارمنگ کمپنی جادو اے آر کے چیف ایگزیکٹو افسر(سی ای او) ہیں۔

خیال رہے کہ ’فوربز‘ شمالی امریکا کی ’30 انڈر 30‘ فہرست گزشتہ 10 سال سے جاری کرتا آ رہا ہے اور اس بار اس سلسلے کی دسویں فہرست جاری کی گئی۔


’فوربز‘ کی جانب سے تمام خطوں کی الگ فہرست جاری کی جاتی ہے، جن میں ایشیائی، شمالی امریکی، افریقی و یورپی فہرست کافی شہرت رکھتی ہیں۔

 اس فہرست کو ’30 انڈر 30‘ کا نام اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ اس فہرست میں عام طور پر ہر کیٹیگری کیلئے 30 ایسے افراد کو منتخب کیا جاتا ہے، جن کی عمر 30 سال سے کم ہو۔

اس سال فہرست میں مجموعی طور پر 26 فیصد ایسے افراد شامل ہیں جن کا نسلی تعلق امریکی ممالک سے نہیں ہے بلکہ وہ دنیا کے دیگر خطوں سے تعلیم و کاروبار کے سلسلے میں امریکا میں مقیم ہیں۔

تازہ ترین