ہم سب پاکستانی بھارت کے لئے دعاگو ہیں،علی ظفر

May 07, 2021

پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے لوگ جس مشکل سے گزر رہے ہیں اس کا اندازہ نہیںلگایا جاسکتا۔

انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ یہاں پاکستان میں بھی لوگ پریشان ہیں لیکن شاید یہی مشکل گھڑیاں ہوتی ہیں جن سے ہم سیکھتے ہیں کہ انسانیت کیا ہوتی ہے اور انسانیت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوتا۔

علی ظفر نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم سب پاکستانی آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور آپ کے لئے دعاگو ہیں کہ خدا آپ کو تندرستی عطا فرمائے، آپ کی جلد از جلد مشکلات ختم ہوجائیں اور خوشحالی آئے،یہی دعا تمام پاکستانی اور تمام انسانوں کے لئے ہے۔


علی ظفر نے اپنی ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ اگر ہم ایک دوسرے سے ہمدردی نہیں رکھتے تو ہمیں خود کو انسان کہلانے کا کوئی حق نہیں خاص طور پر اس مشکل وقت میں۔اس وقت ضرورت ہے آپس میں رابطہ قائم کرنے کی،دعائیں کرنے کی اور ایک دوسرے کی جو ہوسکے مدد کرنے کی۔