کورونا وائرس: نیپال کو بھارت کی طرح بڑی انسانی تباہی کا سامنا

May 07, 2021


نیپال میں کورونا وائرس کی ابتر صورتحال، یومیہ مثبت آنے والے کیسز کی شرح 47 فیصد ہوگئی، برطانوی میڈیا کے مطابق کورونا کیسز میں اضافے سے نیپال کو بھارت کی طرح بڑی انسانی تباہی کا سامنا ہے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیپال میں کووڈ 19 کی صورتحال پڑوسی ملک بھارت کی نسبت بدتر ہوسکتی ہے۔

نیپال میں گزشتہ روز ریکارڈ 9ہزار 70 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، اسپتالوں میں گنجائش ختم ہوتی جارہی ہے جبکہ ویکسین کی قلت بھی ہورہی ہے۔

بھارت سے ہزاروں نیپالی تارکین وطنوں کی واپسی سے یوپی سے متصل سرحدی علاقے میں کیسز میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیوں کے ایشیاء پیسیفک کے ڈائریکٹر الیگزینڈر میتھیو نے کہا ہے کہ ہمیں اس انسانی تباہی پر قابو پانے کی کوئی امید پیدا کرنے کے لئے تیز رفتار عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

نیپال ریڈ کراس کے صدرنیترا پرساد نے کہا ہے کہ بھارت میں اس وقت جو کچھ ہورہا ہے وہ نیپال کے مستقبل کا ایک خوفناک منظر ہے۔