سول ایوی ایشن کے ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا، بورڈ نے تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دیدی

May 08, 2021

کراچی (اسد ابن حسن) سول ایوی ایشن کے ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی بورڈ کے اجلاس میں چیئرمین نے باقاعدہ تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے وزارت خزانہ کو سمری روانہ کردی اور وزارت خزانہ کی منظوری کے بعد ملازمین کی تنخواہوں میں فوری طور پر اضافہ کردیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن کے ملازمین کافی عرصے سے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کی شکایت کررہے تھے۔ عید کے موقع پر سی اے اے نے ملازمین کو اچھی خبر سنا دی۔ سی اے اے بورڈ نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے افسران کی تنخواہوں میں بھی 20 فیصد اضافہ کیا جائے گا اور دیگر عملے کی تنخواہوں میں 25فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی بورڈ کے اجلاس میں چیئر مین سی اے اے نے باضابطہ طور پر منظوری دی۔ سی اے اے کے ترجمان سعد بن ایوب نے بتایا کہ وزارت خزانہ کی باضابطہ منظوری کے بعد تنخواہوں میں فوری طور پر اضافہ کردیا جائے گا۔ بورڈ کے اجلاس میں ملازمین ایس جی 1 تا 11کے ملازمین کو فوری طور پر50ہزارر وپے ادا کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور وزارت خزانہ کی منظوری کے فوری بعد ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی مزید رقم بھی ایڈجسٹ کردی جائے گی۔