پی ایس پی رواداری کی علمبردار ہے، الطاف شاہد

May 09, 2021

برمنگھم ( پ ر) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ حکومت اوراپوزیشن دونوں سنجیدہ نہیں۔یہ اقتدار ملنے کے بعدجوکرتے ہیں وہ قوم نے دیکھ لیا،سیّد مصطفی کمال کی صورت میں ملک وقوم کیلئے "معقول" قیادت صرف پی ایس پی کے پاس ہے۔ پی ایس پی کی قیادت قومی مفاہمت ، رواداری اوربردباری کی علمبردار ہے۔ہمارے مرکزی چیئرمین سیّدمصطفی کمال کاسیاسی کردارقائدؒ کے افکار کاآئینہ دار ہے ۔ چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا کہ جمہوریت سے درگزراوربرداشت کادرس ملتا ہے، ضداورہٹ دھرمی سے کبھی مسائل حل نہیں ہوتے،حالیہ دنوں میں پیداہونے والی بے یقینی اوربے چینی معیشت کیلئے نیک شگون نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خدانخواستہ معاشی سرگرمیوں میں تعطل کامتحمل نہیں ہوسکتا۔ ہمیں ماضی کے مقابلے میں آج زیادہ افہام وتفہیم اوراتحادویکجہتی کی ضرورت ہے۔قومی مفاد کی یقینی حفا ظت کیلئے واقعات اور معاملات کوتعصب کی عینک اتارکردیکھاجائے ۔ا نہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کوسیاسی تنازعات میں گھسیٹنا درست نہیں ۔ ایک طبقہ ان دنوں اپنے مخصوص ایجنڈے کے تحت شاہ سے زیادہ شاہ کے وفاداربنابیٹھاہے،یہ عناصر ہرقیمت پر اپنے گھناؤنے عزائم کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بعض ایشوزکوجان بوجھ کر غیرمعمولی اورغیرضروری اندازسے طول دیاجاناتشویشناک ہے ،خداراملک میں جاری منفی بحث سمیٹ لی جائے کیونکہ حقیقی چیلنجزسے غفلت نقصان دہ ہوسکتی ہے۔حادثات اورسانحات سے بچاؤکیلئے بروقت تدبیرکی جائے ۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت کی مضبوطی سے معیشت اوراداروں پربھی مثبت اثرپڑتا ہے،افواہوں کابازارگرم کرنے والے ہم سے کسی کے دوست نہیں ہیں۔