بیرسٹر صبغت قادری شدید علیل ہوگئے، ہسپتال میں داخل

May 09, 2021

لندن (آصف ڈار) برطانیہ کے پہلے مسلمان پاکستان نژاد کویتی قونصل (کیو سی) بیرسٹر صبغت اللہ قادری شدید علیل ہوگئےہیں اور انہیں مقامی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ بیرسٹر قادری کیوسی کو دو روز قبل دل کا دورہ پڑا اور انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کا انتہائی نگہداشت کے شعبے میں علاج کیا جارہا ہے۔ بیرسٹر قادری کا گزشتہ برس کینسر کی وجہ سے آپریشن ہوا تھا اور ان کی کیمیوتھراپی بھی ہو رہی تھی تاہم وہ گھر سے علاج کرا رہے تھے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کیمیوتھراپی کے بڑی عمر کے مریضوں کو دل کا عارضہ لاحق ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ بیرسٹر قادری کی اہلیہ نے ان کے خیر خواہوں اور دوست و احباب سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران ان کے لئے خصوصی دعائیں کریں تاکہ وہ صحت یاب ہوکر جلد گھر واپس آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے بیرسٹر قادری سے ملنے اور فون پر پابندی لگا رکھی ہے اور انہیں مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ بیرسٹر قادری کو چند برس پہلے فالج کا حملہ ہوا تھا جس کے کچھ عرصہ بعد ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی تاہم علاج کے بعد ان کی حالت کافی بہتر ہو گئی تھی۔ برٹش پاکستانی کمیونٹی رہنمائوں اور ان کے دوستوں نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ بیرسٹر صبغٹ اللہ قادری کو مکمل صحت یاب کرے اور وہ ڈسچارج ہوکر جلد گھر لوٹیں۔ ان رہنمائوں میں ان کے دیرینہ ساتھی اکرام خان، حبیب جان، طارق ڈار، اعظم خان، منظور ملک اور دیگر شامل ہیں۔ بیرسٹر قادری کی اہلیہ نے تمام احباب سے اپیل کی ہے کہ وہ فی الوقت ان کے ساتھ رابطہ نہ کریں۔