آزادی اظہار رائے پر کامل یقین، ریاستی مفاد پہلی ترجیح، فواد چوہدری

May 09, 2021

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کراچی، لاہور اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے عہدیداران سے ورچوئل اجلاس کیا جس میں صحافیوں کو وزیراعظم کے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں شریک کرنے کیلئے طریقہ کار، جرنلسٹس پروٹیکشن بل اور پریس کلبز کے مسائل زیر بحث آئے ،وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی، جمہوری اور آئینی حق پر کامل یقین رکھتی ہے، میڈیا کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی منظوری، صحافیوں کی سلامتی، ان کے حقوق کے تحفظ اور بہبود کیلئے بہت بڑی پیشرفت ہے، بل کے تحت صحافیوں سے خبر کے ذرائع نہیں پوچھے جا سکتے، صحافیوں کی سیفٹی انکے متعلقہ اداروں پر لازمی قرار دیدی گئی ہے،میڈیا ہاؤسز کو کنفلکٹ زونز میں کوریج کیلئے بھیجے جانے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو حفاظتی سازوسامان مہیاءکرنا ہوگا ،میڈیا کے واجبات کی ادائیگیوں کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں، 15دنوں میں 34کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی گئی ہیں، 15 کروڑ روپے کے مزید چیک عید کے فوری بعد جاری کئے جائیں گے،صحافیوں کیلئے ہاؤسنگ کی سہولیات لانا چاہتے ہیں، پریس کلبز اس ضمن میں طریقہ کار اور معیار مرتب کریں، صحافیوں کو کامیاب جوان پروگرام کے ساتھ منسلک کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ انہیں آسان قرضوں کی سہولیات مل سکیں، ریاست کے مفاد کا تحفظ ہم سب کیلئے مقدم اور پہلی ترجیح ہونا چاہیے، حکومت صحافیوں کی بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے، اجلاس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب ،نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل انجم، سیکریٹری انور رضا، لاہور اور کراچی پریس کلبزکے صدور ارشد انصاری اور فاضل جمیلی ،پرنسپل انفارمیشن آفیسر، پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ سہیل علی خان، کراچی، لاہور پی آئی ڈی ریجنل آفسز کے متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔