احمد مرتضیٰ کی پاکستان ایڈمنسٹریٹیوسروسزامتحان میں پہلی پوزیشن

May 10, 2021

پشاور(جنگ نیوز)دیر لوئر سے تعلق رکھنے والے احمد مرتضیٰ نے پاکستان ایڈمنسٹریٹیوسروسزکے امتحان میں خیبر پختونخوا کی جانب سے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے سی ایس ایس 2020امتحان کے جاری کردہ نتائج کے مطابق لمز سے گریجویشن کرنے والے احمد مرتضیٰ نے خیبر پختونخوا کی جانب سے پاکستان ایڈمنسٹریٹیو امتحان کے مقابلہ میں پہلی پوزیش حاصل کر لی ہے ۔اپنے کامیابی کے حوالے سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے احمد مرتضیٰ نے کہا کہ انکی کامیابی میں محنت ، والدین کی دعائوں اور اساتذہ کا اہم کردار ہے۔ وہ اپنی سرگرمیوں سے زیادہ تعلیم کو توجہ دیتے تھے۔ اگر کوئی جدوجہد، عزم اور لگن سے کام کریں تو کامیابی ضرور قدم چومتی ہے۔ جس طرح ایک جانباز سپہ سالار اپنی قوت بازو سے جنگ جیتتا ہے اسی طرح امتحان میں کامیابی صرف اور صرف پڑھائی کربنے سے ہی حاصل ہوتی ہے۔ وہ اپنی کامیابی ملک و قوم کے نام کرکے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ ہر محاز پر ملک اور قوم کی خدمت کریں گے، یادرہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں کل 18553 امیدوار شریک ہوئے تھے۔