شوکت ترین کی گندم سے متعلق صوبے کو خصوصی ہدایت

May 10, 2021

وزیر خزانہ شوکت ترین نے صوبائی حکومت کو سستے داموں گندم کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی سمیت صوبائی چیف سیکریٹریز و دیگر حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق دوران اجلاس سیکریٹری خزانہ کی بریفنگ میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ ڈھونڈلی گئی اور بتایا گیا کہ عالمی منڈی میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی بڑھی ہے۔


اس موقع پر ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے رجحان کا جائزہ لیا گیا، اس دوران آٹا، گھی، چینی، چکن، انڈوں، دالوں اور سبزیوں کی قیمتیں بھی زیر غور آئیں۔

سیکریٹری خزانہ نے نیشنل پرائس کمیٹی کو ملک میں موجود مہنگائی کے رجحان پر بریفنگ دی۔

دوران اجلاس وزیر فوڈ سیکیورٹی نے اجلاس کو صوبوں اور پاسکو کی طرف سے گندم کی خریداری پر بریفنگ دی۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے اس موقع پر صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ سستے داموں پر گندم کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ عالمی منڈی میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے سےمہنگائی بڑھی ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ کورونا وباء کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا، اپریل 2020 سے اپریل 2021ء کے ایک سال میں خام تیل 178 فیصد مہنگا ہوا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ عالمی منڈی میں چینی کی قیمت ایک سال میں 57 فیصد بڑھی جبکہ پام آئل، سویا بین تیل، گندم کی قیمتوں میں بھی تیزی کا رجحان نمایاں ہے۔