شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کےلیے نیب ہیڈ کوارٹرز کو خط

May 10, 2021

نیب لاہور نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالنے کے لیے نیب ہیڈ کوارٹرز کو خط لکھ دیا۔

نیب لاہور نے ڈی جی آپریشنز نیب ہیڈ کوارٹرز کو یہ خط 28 اپریل 2021 کو لکھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب لاہور نے خط شہباز شریف کو لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد لکھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ہیڈ کوارٹرز نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ سے تاحال رجوع نہیں کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی تازہ سیاسی صورتحال اور دورہ سعودی عرب پر گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں شہباز شریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق عدالتی فیصلے پر مشاورت کی گئی، جبکہ اس معاملے پر عدالت سے رجوع کیے جانے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں فواد چودھری، اسد عمر، شہزاد اکبر اور قانونی ماہرین شریک ہوئے۔