امریکا، مسافروں کو بوریت سے بچانے کیلئے کپتان کی پیزا پارٹی

May 11, 2021

امریکا میں اندرون ملک پرواز کو شدید موسمی خرابی کی وجہ سے متبادل ایئرپورٹ پر اترنا پڑا جہاں تاخیر کے باعث مسافروں کو خوش کرنے کے لیے پائلٹ نے پیزا پارٹی منعقد کردی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ویسٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ فلوریڈا سے شمالی کیرولینا کے شارلٹ جانے والی امریکی ایئر لائن کی پرواز اے اے 4798 کو منزل پر شدید طوفان کی وجہ سے مجبوراً ایئر فورس انٹرنیشنل ایئر پورٹ چارلسٹن پر لینڈ کرانا پڑا۔

چارلسٹن پر لینڈنگ کے بعد ری پبلک ایئرویز کی پرواز کے مسافروں کو منزل پر موسم بہتر ہونے کی امید پر لگ بھگ دو گھنٹے تک طیارے کے اندر ہی بیٹھا کر رکھا گیا۔

ایسے میں مسافروں خاص طور پر بچوں اور خواتین کی بیزاری یقینی تھی۔

مسافروں کی مایوسی ختم کرنے اور انہیں خوش کرنے کے لیے پائلٹ نے تمام مسافروں کے لیے پیزا اور سوڈا ڈرنک کا آرڈر کر دیا، یوں مسافروں کا باقی کا ممکنہ بوریت کا انتظار تفریح میں بدل گیا۔