ون ویلنگ روک تھام کیلئے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات

May 12, 2021

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس نے لاک ڈائون اور عید کی تعطیلات کے دوران انسداد ون ویلنگ کے لئے راولپنڈی شہر میں 33 نئی پکٹس قائم کر کے اضافی نفری تعینات کر دی۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کی ہدایات پر ڈیوٹی آفیسر ہیڈ کواٹرز محمد وسیم نے راولپنڈی شہر کی اہم شاہراہوں پر 33 پر نئی پکٹس قائم کر دیں جہاں ٹریفک پولیس کے 198اہلکاروں ویلنگ کی روک تھام کے لیے 24گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دیں گے جن میں 4ڈی ایس پیز،19انسپکٹرز،63ٹریفک وارڈنزاور 112ٹریفک اسسٹنٹس شامل ہیں۔ اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال نےکہاہےکہ راولپنڈی ٹریفک پولیس انسانی جانوں کے تحفظ اور انسداد ون ویلنگ کیلئے تمام تر وسائل برو ئے کار لا رہی ہے۔ ون ویلنگ کرنے والے اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ عید تعطیلات کے دوران اہم پوائنٹس پر ضلع پولیس کی معاونت حاصل کر کے ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف مؤثرکارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ٹی اونے کہا کہ رمضان المبارک میں سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی طرف سے بنائے گئے سپیشل ون ویلنگ سکواڈز نے مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے شہر میں ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے بہترین ڈیوٹی کا مظاہرہ کیا اور51 ون ویلر زکے خلاف ایف آئی آرز درج کروائیں جبکہ درجنوں موٹر سائیکلوں کو کاغذات نامکمل ہونے پر تھانوں میں بندبھی کروایا۔ سی ٹی اونے والدین سے بھی اپیل کی کہ خدارا اپنے پھول جیسے بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں اور کم عمری میں انہیں موٹرسائیکل اور گاڑی ہر گز نہ دیں۔