بھارتی کورونا کی قسم 49 ممالک تک پھیل گئی، مزید 4200 ہلاکتیں

May 13, 2021

نئی دہلی (اے ایف پی /جنگ نیوز )بھارت میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے وبا کے آغاز کے بعد سے اب تک کے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوئے،اے ایف پی کے مطابق یہ تعداد حکومتی اعدادو شمار سے کئی گنا زائد ہوسکتی ہے ، بھارت بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے ریکارڈ 4200 ہلاکتیں ہوئی ہیں،دوسری جانب بھارت میں تیزی سے پھیلنے والی کورونا وائرس کی قسم دنیا کے 49ممالک تک پہنچ گئی، بھارت میں کورونا بحران کے دوران بلیک فنگس کیسز نے بھی سر اٹھالیا، مہاراشٹر میں بلیک فنگس کے کیسز دو ہزار تک پہنچنے کا خدشہ، دلی، گجرات، مدھیاپردیش اور دیگر کئی ریاستوں میں بھی بلیک فنگس کے کیسز رپورٹ، آکسیجن کمی کے بعد بھارتی عوام کے لیے ویکسین بھی کم پڑنے لگی، سپریم کورٹ میں کورونا سے متعلق کیسز کی سماعت کرنے والے جج کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، شہر کے پارکنگ مقامات میں بھی آخری رسومات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دریائے گنگا میں بھی مزید لاشیں پائی گئی ہیں، جنہیں ان گاؤں والوں کے رشتہ اداروں نے بہایا جنہیں چتا جلانے کے لیے لکڑیاں نہ مل سکیں۔ بستروں، ادویات اور طبی آکسیجن کی قلت کا شکار ہسپتال متاثرہ افراد کو واپس بھیجنے پر مجبور ہیں جبکہ مرنے والے عزیزوں کا علاج کرنے کے لیے کسی کو ڈھونڈنے والے مایوس رشتے داروں کی کہانیاں معمول بن گئی ہیں۔